منگلورو :27؍ مارچ (ایس اؤ نیوز) جن پرائیویٹ اسکولوں میں حجاب یونیفارم کا حصہ ہے اُن طالبات کو حجاب کے ساتھ ایس ایس ایل سی امتحانات میں شریک ہونے کے لئے ریاستی حکومت نے موقع فراہم کیا ہے، اس بات کی جانکاری دکشن کنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندر نے دی ہے۔
انہوں نےکہاکہ پرائیویٹ اسکولوں کے یونیفارم میں جہاں حجاب شامل ہے وہ طالبات متعلقہ امتحانی مراکز میں امتحان لکھ سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ صرف پرائیویٹ اسکولوں کی طالبات پر اطلاق ہوگا۔وہیں ڈی سی نے واضح کیا کہ سرکاری اسکولوں کی طالبات حکومت کی طرف سے طئے شدہ یونیفارم پہن کر امتحان لکھیں گی۔
25مارچ کو ریاستی حکومت کی طرف سے حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس کے کے مطابق سرکاری ؍ امدادی اسکولوں کی طالبات حکومت کی طرف سے طئے کردہ یونیفارم میں اور پرائیویٹ اسکولوں کی طالبات وہاں کی انتظامیہ کی جانب سے طئے کردہ یونیفارم میں امتحانی مراکز میں امتحان لکھ سکیں گی۔
ڈی سی نے کہاکہ جن اسکولوں کے یونیفارم میں حجاب شامل ہے ان اسکولوں کی طالبات جس امتحانی مرکز میں امتحان لکھنے جائیں گی اس کی جانکاری مقامی بلاک ایجوکیشن آفیسر ( بی ای اؤ) سے حاصل کرتےہوئے ایگزام سنٹر کے چیف کو اطلاع دیں۔
خیال رہے کہ یہی بات اس سے قبل بھٹکل انجمن کے صدر اور کرناٹک ہائی کورٹ کے سنئیر وکیل جناب مزمل قاضیا صاحب نے بھی بتائی تھی۔